روبینہ تبسم ۔ برمپٹن کینیڈا
پورا چاند مجھ پہ اک نشہ سا طاری کر دیتا ہے۔ پورے چاند کی راتوں میں باہر کھلے میدانوں میں پھرنا اور خاص طور پہ کسی جھیل کنارے جا کر گہرے پانیوں میں ننگے پاؤں پھرتے رہنا مجھے بہت مسحور کرتا ہے
لیکن بھلا ہو اس مغرب کا جس نے میرے مشرقی چاند کے ایسے ایسے نام رکھ چھوڑے کہ میرا محبوب چاند مجھ سے چھین لیا۔ اب جب میں رات کے سرمئی اندھیرے میں کھلے آسمان تلے بے قرار پھرتی ہوں تو مشرق کا چاند مجھے اپنی طرف بلاتا ہے۔ مگر اپنی عمر کا بہترین حصہ مغرب میں گزارنے کے بعد مجھے میرا چاند بھی پرایا سا لگنے لگا ہے
نارتھ امریکہ کی ہواؤں میں کسی قسم کی آلودگی نہیں ہوتی لہذا چاند اتنا خوبصورت ہوتا ہے کہ بیان سے باہر ہے۔ اس کے کئی نام ہیں جو کہ رومانٹک نہیں بلکہ بہت حقیقت پسندانہ ہیں ۔ اگر آپ تصویروں پہ لکھے ناموں پہ توجہ دیں تو آپ کو اندازہ ہو جائے گا
سپر مون
یہ چاند زمین سے نسبتاً قریب ہونے کی وجہ سے بہت چمکدار اور خوبصورت نظر آتے ہیں۔ ہر مہینے کے خاص نام کے علاوہ ہر مکمل چاند کو سپر مون بھی کہتے ہیں۔ ان کا حسن اور کشش پانی کو بہت بے قرار کر دیتا ہے لہذا سپر مون کے دنوں میں لہریں بہت اونچی اور طوفانی ہو جاتی ہیں۔
مائیکرو مون
یہ چاند زمین سے نسبتاً زیادہ دور ہو جاتا ہے۔ لہذا سائز میں بہت چھوٹا اور کم چمکدار نظر آتا ہے۔
بلڈ مون
یہ چاند پورے چاند پہ گرہن کی وجہ سے گہرا سرخ نظر آتا ہے۔ اس کی تپش دیکھنے والوں کو پگھلا کر رکھ دیتی ہے۔
بلیو مون
یہ چاند اصل میں نیلا نہیں ہوتا۔ ہر موسم میں ایک پورا چاند بلیو مون کہلاتا ہے۔ اصل میں ہوا میں جمع ہو جانے والی گرد اور مٹی اسے دھندلا دیتی ہے۔
وولف مون
یہ جنوری کے پورے چاند کا نک نیم ہے۔ جب سمندر کی لہریں بہت تند و تیز ہو کر غصیلے بھڑیوں کی طرح غراتی ہوئی محسوس ہوتی ہیں۔
سنو مون
فروری کا پورا چاند برفیلا چاند کہلاتا ہے۔ اس چاند کی روشنی جب برف پر منعکس ہوتی ہے تو رات ایک دم سے بہت چمکدار اور مسحور کن محسوس ہوتی ہے۔
وارم مون
مارچ کا چاند وارم مون یعنی کیڑے مکوڑوں کا چاند کہلاتا ہے۔ اصل میں کینیڈا میں موسم بہار مارچ کے آخر یعنی 22 مارچ کی شام 6 بجے شروع ہوتا ہے۔ اس موسم میں برفوں سے جمی ہوئی زمین کا درجہ حرارت بڑھنا شروع ہو جاتا ہے۔ زیر زمین کیڑے مکوڑے سطح زمین پہ آنے لگتے ہیں۔ پرندے اپنے گھونسلوں سے باہر نکل کر چہچہانے لگتے ہیں۔ اور ایک نئی زندگی کا آغاز ہو جاتا ہے۔
پنک مون
اپریل کا یہ چاند نارتھ امریکہ میں کھلنے والے گلابی پھولوں کی نسبت سے پنک مون کہلاتا ہے۔ یہ پھول اپنی خوبصورتی اور خوشبو میں بے مثال ہیں۔
فلاور مون
مئی کا پورا چاند موسم بہار کی جادوئی خوبصورتی میں بے تحاشا اضافہ کر دیتا ہے۔ بے شمار اقسام کے پھول کھلتے ہیں اور زندگی مہکنے لگتی ہے۔
سٹرابیری مون
جون کا پورا چاند سٹرابیری کے موسم کی نوید سناتا ہے۔ میلوں پہ پھیلے ہوئے کھیت سبز اور سرخ رنگوں سے سجے دل و جان کو خوش کر دیتے ہیں۔
بک مون
جولائی کا پورا چاند پکی ہوئی فصلوں کی نوید لاتا ہے جو کسانوں کی محنت کا ثمر ساتھ لے کر آتا ہے۔
سٹرجن مون
اگست کا یہ پورا چاند اس خاص مچھلی کی بے تحاشا پیداوار کی وجہ سے مشہور ہے
کورن مون
ستمبر کا مکمل چاند کورن یعنی چھلی کی اہم فصل کے پکنے کی خبر لاتا ہے۔
ہارویسٹ مون
اکتوبر کا چاند فصلوں کے پکنے کی خوشخبری لے کر آتا ہے۔ اسے موسم خزاں کا چاند بھی کہتے ہیں۔
فراسٹ مون
نومبر کا ٹھٹھرتا ہوا چاند سردیوں کی خبر لاتا ہے۔ اس موسم میں اوس یعنی کورا پڑنا شروع ہو جاتا ہے۔ اور زمین آہستہ آہستہ برف کی چادر اوڑھ لیتی ہے۔
کولڈ مون
دسمبر کا یہ چاند ” لمبی سرد راتوں کا چاند ” بھی کہلاتا ہے۔ اس موسم میں شدید ٹھنڈ کی وجہ سے چاند انتہائی برفیلا نظر آتا ہے۔
کچھ چاند پندرہ دن بعد اپنی ہیئت بدل لیتے ہیں تو ایک نیا نام لے کر مزید چمکدار ہو جاتے ہیں۔ میرے جیسے دیوانے ان کی ہر رات کو ان کے ساتھ طلوع و غروب ہوتے اپنے جذبات کے اتار چڑھاؤ میں ڈوبتے ابھرتے مست ہوئے پھرتے ہیں۔