بس میں سفر کی حفاظتی تدابیر

ٹورانٹو میں بس، اسٹریٹ کار اور سب وے (زیرزمین) ٹرین ایک ہی نظام   ٹی ٹی سی یعنی ’’ٹورانٹو ٹرانزٹ کمیشن‘‘   کا حصہ ہیں۔ ان پر سفر کرتے ہوئے مندرجہ ذیل حفاظتی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھیں۔

کبھی بھی بھاگ کر بس یا اسٹریٹ کار پر سوار ہونے کی کوشش نہ کریں۔ آپ پھسل کر گر سکتے ہیں یا کسی دوسری گاڑی سے ٹکرا سکتے ہیں۔

کبھی بھی بس یا اسٹریٹ کار کے سامنے سے گزر کر یا سامنے آکر اسے روکنے کی کوشش مت کریں۔ زیادہ امکان یہی ہے کہ آپ ڈارئیور کو نظر نہیں آئیں گے۔

بس میں  اگلے دروازے سے چڑھیں اور پچھلے دروازے سے اتریں۔ البتہ اسٹیشن پر آپ اترنے اور چڑھنے  کے لئے دونوں دروازے استعمال کرسکتے ہیں۔

بس پر سوار ہونے کے بعد ، فرش پر موجود سفید لائن کے پیچھے چلے جائیں اور جب تک بس چلتی رہے، اس لائن کے پیچھے رہیں۔  اگر آپ اس لائن کے پیچھے نہیں جائیں گے تو آپ ڈرائیور کا دروازہ بلاک کررہے ہوں گےاوراس کے باہر دیکھنے میں رکاوٹ بن رہے ہوں گے۔  نیز ڈرائیور کو بس اسٹاپ پر صحیح جگہ پر بس کھڑی کرنے میں دشواری ہوگی۔ اسے چڑھنے والی سواریاں نظر نہیں آئیں گی۔ ریلوے ٹریک  کو کراس کرتے ہوئے ٹرین نظر نہیں آئے گی۔ علاوہ ازیں ایمرجنسی میں ڈرائیور اپنا دروزاہ نہیں کھول پائے گا جس کی وجہ سے آپ یا  کسی دوسری سواری کو درکار مدد مہیا کرنا ممکن نہ ہوگا۔ یا آگ بھجانے کے آلات اور فرسٹ ایڈ باکس تک رسائی ناممکن ہوجائے گی۔ علاوہ ازیں کسی حادثے کی صورت میں اگر دروازے لاک ہوجاتے ہیں تو ڈرائیور آپ کے رکاوٹ بن جانے کی وجہ سے اپنے کمپارٹمنٹ سے باہر نکل کر بس کے  دروازے کھولنے سے معذور ہوگا۔

اگر آپ کو سیٹ نہیں ملی  اور آپ کو کھڑا ہونا پڑے تو سپورٹ بار کو لازماً پکڑ کر رکھیں۔

ایمرجنسی کی صورت میں ڈرائیور کو فوراً مطلع کریں۔ اس کے پاس پولیس، ایمبولینس اور فائر ٹرک کو کال کرنے کے لئے خصوصی فون کی سہولت ہوتی ہے۔

اگر ڈرائیور کسی ہنگامی صورتحال میں خود پولیس، ایمبولینس یا فائر ٹرک کو کال نہ کرسکے تو اس کے پاس آپشن موجود ہوتی ہے کہ وہ بس کا الارم آن کردے جس سے نہ صرف تیز الارم آن ہوجائے گا بلکہ اس کی باہر کی تمام لائٹس بھی فلیش کرنا  شروع کردیں گے۔ اگر  بس سے مسلسل الارم کی آواز آرہی ہو اور بس کی لائٹس فلیش کررہی ہوں تو آپ کو چاہیے کہ فورا ً 911 کال کریں۔

بس اسٹاپ یا سب وے کے پلیٹ فارم پر لگائی گئی پیلی لائن سے ہمیشہ پیچھے کھڑے ہوں ورنہ بس کے باہر نکلے ہوئے شیشے آپ کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔   اگر اسٹاپ پر پیلی لائن نہ ہو تو کنارے سے کم از کم ایک فٹ پیچھے رہیں۔

اگر آپ کی کوئی چیز پلیٹ فارم پر گرگئی ہے تو کبھی بھی خود اٹھانے کی کوشش نہ کریں۔ بلکہ ٹی ٹی سی کے آن ڈیوٹی ملازم کو بتائیں۔

اگر کوئی شخص پلیٹ فارم پر گرگیا ہے یا ٹرین  کے دروازے یا ٹرین اور پلیٹ فارم کے درمیان پھنس گیا ہے تو فوراً ٹریک کی بجلی منقطع کردیں تاکہ ٹرین  پلیٹ فارم پر داخل ہونے سے پہلے ہی رک جائے یا اگر پلیٹ فارم پر رکی ہوئی ہے تو چل نہ سکے۔ بجلی منقطع کرنے کی سہولت پلیٹ فارم کے دونوں اطراف میں یعنی ٹرین کے پلیٹ فارم پر داخل ہونے والےراستے/ کونے  اور پلیٹ فارم سے باہر جانے والے راستے /کونے  پر موجود ہوتے ہیں۔ اس پر ایمرجنسی پاور کٹ کیبنٹ لکھا ہوتا ہے۔ اور اس پر نیلی بتی روشن ہوتی ہے۔ بجلی منقطع کرنے کی ہدایات اس پر درج ہوتی ہیں۔