مٹیار

اسد طاہر

پردیس کے اک ہوٹل میں
چند پردیسی اپنے دیس کو یاد کریں
دیواروں پر لٹکی, گاؤں کی تصویریں دیکھیں
ان تصویروں میں کھیلتے بچے اور
چاروں اطراف سبزے میں، جامنی کپڑے پہنے مٹیار کو دیکھیں
کھال کنارے کپڑے دھوتی مٹیار کو دیکھیں
مٹیار کے گالوں پر پانی کے چھینٹے پڑتے دیکھیں
ان چھینٹوں کو الٹے ہاتھ سے صاف کرتی ہوئی مٹیار کو دیکھیں
چند پردیسی خیالوں میں ، خود کو مٹیار کے پاس دیکھیں

دیس کے اک گاؤں میں
دو بچوں کی ماں 
سولہ سال کی ماں
ساس کی گالیاں کھا کر
شوہر کے جوتےکھا کر
نند کی جامنی اترن پہنے
کھال کنارے کپڑے دھوے
من میں کھیل کی آس لگائے
کھیلتے بچوں کو دیکھے جائے
آنکھوں سے بہنے والے پانی کو،الٹے ہاتھ سے صاف کرے
اور
کھیلتے بچوں کو دیکھے جائے
من میں ۔ ۔۔۔۔۔۔۔ کھیل کی آس لگائے