
اردو سے محبت کرنے والوں کو یہ سن کر خوشی ہوگی کہ گوگل نے اردو کے لیے بھی وائس ٹائپنگ اور وائس سرچ سپورٹ متعارف کرا دی ہے۔ اردو ہی نہیں گوگل نے اردو سمیت مزید 30 زبانوں کے لیے وائس ٹائپنگ اور وائس سرچ سپورٹ متعارف کرائی ہے۔ ان زبانوں میں قدیم جارجین زبان بھی شامل ہے اور افریقا کی دو بڑی زبانیں بھی۔ اس کے علاوہ گوگل نے برصغیر کی کئی زبانوں کے لیے وائس ٹائپنگ سپورٹ متعارف کرائی ہے۔ ان زبانوں کی سپورٹ متعارف کرانے کے لیے گوگل نے مقامی افراد کے ساتھ مل کر آوازوں کے نمونے لیے، اس کے بعد مخصوص آوازوں اور الفاظ کو استعمال کرتے ہوئے مشین لرننگ سے نتائج کو بہتر کیا۔ صارفین جیسے جیسے ان فیچرز کو استعمال کریں گے نتائج میں بہتری ہوتی رہے گی۔ یہ نئی زبانیں کلاؤڈ سپیچ اے پی آئی میں دستیاب ہیں۔ جلد ہی یہ گوگل کی تمام ایپس جیسے گوگل ٹرانسلیٹ اور جی بورڈ کی بورڈ میں دستیاب ہونگی۔ ان زبانوں کو استعمال کرنے کے لیے آپ کے پاس وائس سرچ فیچر فعال ہونا چاہیے۔ صارفین چاہیے تو ابھی بھی اردو یا دیگر زبانوں کو سرچ کے علاوہ دیگر ایپس میں بول کر لکھ سکتےہیں۔ اس کے لیے سب سے پہلے تو گوگل سرچ ایپ کی سیٹنگ میں جا کر وائس مینو میں زبانوں سے صرف اردو (پاکستان) یا اردو (بھارت) منتخب کرنا پڑے گا۔ اس کے بعد کسی بھی ایپ جیسے وٹس ایپ میں لکھتے ہوئے کی بورڈ کو سوئچ کر کے گوگل وائس ٹائپنگ منتخب کرنا ہوگا۔ اس کے بعد بول کر لکھنے کے لیےمائیک آپشن آجائے گا۔ بہتر نتائج کے لیے ضروری ہے کہ صارفین ابھی تھوڑا ٹھہر ٹھہر کر بولیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ یہ فیچر مزید بہتر ہوتا جائے گا۔
آپ بھی اپنے فون پر Gboard انسٹال کریں اور اردو لکھنا شروع کردیں۔ اس سے آپ کی اردو کا تلفظ بھی درست ہوجائے گا۔ اگر یہ غلط ٹائپ کرے تو سمجھ جائیں کہ آپ کیسی اردو بولتے ہیں۔ انگریزی سیکھنے والے احباب بھی اس کے انگلش کی بورڈ کو استعمال کرکے ، اپنی انگریزی کی مشق کرسکتے ہیں۔ اگر یہ آپ کو مطلوبہ لفظ ہی ٹائپ کرے تو سمجھ لیں کہ آپ کا تلفظ درست ہے اور عام لوگ آپ کی بات سمجھ سکتے ہیں اور اگر یہ کچھ اور ہی ٹائپ کردے تو پھر آپ کو اپنا تلفظ بہتر کرنے کی طرف توجہ دینی ہوگی۔